ورلڈکپ کیلئے سفارشی طور پر ٹیم میں جگہ نہیں بنائوں گا : سعید اجمل

Saeed Ajmal

Saeed Ajmal

لاہور (جیوڈیسک) آئی سی سی کی جانب سے بائولنگ ایکشن کی کلئیرنس کے بعد سعید اجمل نے اللہ تعالٰی کے بعد کوچز، بورڈ اور اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کر دیا۔ کہتے ہیں ورلڈ کپ کے لیے سفارشی طور پر ٹیم میں جگہ نہیں بنائیں گے۔

نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں سعید اجمل نے اللہ تعالٰی کا شکر ادا کرتے ہوئے اپنے کوچز، بورڈ اور مداحوں کا بھی شکریہ ادا کیا۔ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں پہلے سے زیادہ بہترین پرفارمنس دکھانے کے لیے تیار ہیں۔

سپن کے جادوگر نے کہا کہ ان کا ریٹائرمنٹ لینے کا کوئی ارادہ نہیں ہے، تین سے چار سال تک قومی ٹیم کی نمائندگی کر سکتے ہیں۔ قومی آف سپنر نے ورلڈ کپ میں ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا، ساتھ ہی ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وہ سفارشی طور پر عالمی کپ کھیلنے نہیں جانا چاہتے لیکن اگر ٹیم کو ان کی ضرورت ہوئی تو وہ سکواڈ کا حصہ ضرور بنیں گے۔

سعید اجمل نے میگا ایونٹ میں بھارت کے خلاف معرکے میں پاکستانی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا، انہوں نے روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستانی ٹیم کے ماضی کے ریکارڈ کو بہتر بنانے کی امید کا اظہار بھی کیا۔