ورلڈ کپ : سکاٹ لینڈ نے 59 ایکسٹرا رنز دے کر نیا ریکارڈ بنا ڈالا

Scotland

Scotland

لاہور (جیوڈیسک) کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ ایکسٹرا سکور 59 ہے جو کہ 20 مئی 1999 کو سکاٹ لینڈ کی جانب سے پاکستان کو دیا گیا اور بدلے میں بد ترین شکست حاصل کی، پاکستان نے بھی احسان اتارنے کی پوری کوشش کی تاہم صرف 37 سکور ہی واپس کر سکے۔

دوسرا بڑا ایکسٹرا سکور بھی 1999 کے ورلڈ کپ میں ہی دیا گیا ۔ 19 مئی کو بھارت نے زمبابوے کو 51 رنز زائد دے کر ایک بڑی شکست خریدی ۔ اسی ایکسٹرا سکور کے باعث زمبابوے کی کمزور ٹیم نے بھارت جیسی مضبوط ٹیم کو ہرا کر دنیائے کرکٹ کو حیران کر دیا تھا۔

ورلڈ کپ 1999سیمی فائنل میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو 47 سکور ایکسٹرا دے کر لوگوں کو شبہ میں ڈال دیا کہ کہیں 99 کا ورلڈ کپ سب سے زائد سکور دینے والوں کو تو نہیں ملنا ، ایک طرف بائولرز نے فراغ دلی کا مظاہرہ کیا تو دوسری جانب پاکستانی بلے بازوں نے بہترین کارکردگی دکھا کر میچ اپنے نام کر ہی لیا۔

ورلڈ کپ 2011 میں پاکستان اور کینیا کے درمیان ہونے والا مقابلہ اس فہرست میں نمبر 4 پر ہے جہاں پاکستان کو کینیا نے 46 رنز ایکسٹرا دے کر ان کا حوصلہ بڑھایا اور پاکستان کا مورال اتنا بلند ہوا کہ کینیا کو 112رنز پر ہی ڈھیر کر دیا اور قومی ٹیم کو 205 رنز کی بڑی ترین فتح حاصل ہوئی۔

سب سے زائد سکور دینے کی اس فہرست میں پانچواں نمبر بھی 1999 کے ورلڈ کپ کا ہی ہے، 23 مئی کوبھارت نے کینیا کو 44 رنز کا تحفہ پیش کیا تاہم کینیا کو94 رنز سے شکست کی کڑوی گولی نگلنا پڑی۔