کراچی (جیوڈیسک) عالمی کپ دو ہزار پندرہ کیلئے نظر انداز کئے جانے والے کھلاڑیوں شعیب ملک، اظہر علی اور سہیل تنویر کو چانس ملنے کی توقع پیدا ہو گئی ہے، پی سی بی ذرائع کے مطابق تینوں صف اول کے کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ کیلئے اسٹینڈ بائی قرار دینے کا فیصلہ چیف سلیکٹر اور نیوزی لینڈ میں موجود ٹیم انتظامیہ کے درمیان مشاورت کے بعد کیا گیا ہے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے قریبی ذرائع کے مطابق قومی بیٹسمینوں شعیب ملک، اظہرعلی اور فاسٹ بالر سہیل تنویر کو عالمی کپ کے اسٹینڈ بائی کھلاڑیوں کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔ چیف سلیکٹر معین خان اور نیوزی لینڈ میں موجود ٹیم انتظامیہ نے مشاورت کے بعد یہ فیصلہ کیا ہے اور تینوں کھلاڑیوں کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے کہ ان کی میگا ایونٹ میں کسی بھی وقت ضرورت پڑ سکتی ہے۔ یہ فیصلہ کرنے کی ایک اہم وجہ یہ بھی ہے کہ اگر فٹنس مسائل کی وجہ سے متبادل کی ضرورت پڑے تو یہ تینوں پلیئرز ذہنی طور پر تیار ہوں اور ان کو فوری طور پر ورلڈ کپ کیلئے بھیجا جا سکے۔
واضح رہے کہ تینوں کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں اور ان میں سے دو کھلاڑیوں کو میگا ایونٹ میں موقع ملنے کا قوی امکان ہے۔صہیب مقصود، احسان عادل اور وہاب ریاض فٹنس مسائل سے دوچار ہیں جنہیں نیوزی لینڈ کیخلاف سیریز میں آزمایا جائے گا اور اگر یہ آزمائش پر پورا نہیں اتر سکے تو پھر شعیب ملک، سہیل تنویر اور اظہر علی کو بھی موقع مل سکتا ہے۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق شعیب ملک اور اظہر علی کو ان کی بالنگ کرنے کی اضافی اہلیت کے باعث بھی اسٹینڈ بائی کے طور پر رکھا گیا ہے۔ واضح رہے کہ انجری کے شکار جنید خان کی جگہ بلاول بھٹی نیوزی لینڈ میں ٹیم کو جوائن کر چکے ہیں اور پی سی بی نے واضح کر دیا ہے کہ جنید خان کو مکمل فٹ نہ ہونے تک ٹور پر نہیں بھیجا جائے گا۔