ڈرہم (جیوڈیسک) کرکٹ ورلڈکپ کے 35 ویں میچ میں جنوبی افریقا نے سری لنکا کو 9 وکٹوں سے شکست دیدی۔
پروٹیز نے سری لنکن ٹیم کا 204 رنز کا ہدف 38 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر پورا کیا۔
ڈرہم کے چیسٹر لی اسٹریٹ گراؤنڈ میں پروٹیز ٹیم کے کپتان فاف ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو سری لنکن ٹیم کی جانب سے مایوس کن آغاز کیا گیا۔
کپتان ڈیموتھ کرونارتنے اور کشال پریرا نے اننگز کا آغاز کیا تو میچ کی پہلی ہی گیند پر کرونارتنے فاسٹ بولر کگیسو ربادا کا شکار بنے اور فاف ڈوپلیسی کو کیچ دے کر پویلین لوٹ گئے۔
سری لنکن ٹیم نے سنبھلنے کی کوشش کی لیکن ڈیوائن پریٹورس نے کشال پریرا اور اویشکا فرنینڈو کو پویلین کی راہ دکھائی، دونوں بلے باز بالترتیب 30، 30 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
کوشال پریرا کے آؤٹ ہونے کے بعد سری لنکا کی بیٹنگ لائن لڑکھڑا گئی تاہم مینڈس اور تھیسارا پریرا کی مزاحمت کے باوجود پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 203 رنز پر ڈھیر ہوئی۔
سری لنکا کی جانب سے کشال پریرا اور فرنینڈو 30،30 رنز بناکر نمایاں رہے۔ پروٹیز کے مورس اور ڈیوائن پریٹوریئس نے 3، 3 اور ربادا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
سری لنکا کے 204 رنز کے ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقا کی بیٹنگ کا آغاز مایوس کن رہا اور 31 کے مجموعی اسکور پر ڈی کوک 15 رنز بناکر ملنگا کا شکار بنے۔
دوسری وکٹ کی شراکت میں ڈوپلیسی اور ہاشم آملہ نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کی اور گراؤنڈز میں چاروں طرف دلکش اسٹروک کھلیے۔
دونوں کھلاڑیوں کی جوڑی نے 175 رنز کی شراکت بناکر جنوبی افریقا کو فتحیاب کرایا، پروٹیز نے 38 ویں اوور میں ایک وکٹ کے نقصان پر ہدف حاصل کیا۔
ڈوپلیسی 96 اور ہاشم آملہ 80 رنز بناکر ناقابل شکست رہے۔ سری لنکا کے ملنگا نے ایک وکٹ حاصل کی۔
ورلڈکپ میں آسٹریلیا 12 پوائنٹس کے ساتھ پہلے، بھارت اور نیوزی لینڈ 11، 11 کے پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب دوسرے اور تیسرے جب کہ میزبان انگلینڈ 8 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے نمبر پر ہے۔
بنگلہ دیش اور پاکستان 7، 7 پوائنٹس کے ساتھ بالترتیب 5 ویں اور چھٹے نمبر پر موجود ہیں۔
ورلڈکپ 2019 کھیلنے والی دس میں سے تین ٹیمیں افغانستان، جنوبی افریقا اور ویسٹ انڈیز ایونٹ سے باہر ہوچکی ہیں۔