نئی دہلی (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹونٹی سپر ٹین گروپ ون کے میچ میں جنوبی افریقا کی ٹیم نے سری لنکا کو 8 وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔ نئی دہلی کے فیروز شاہ کوٹلہ سٹیڈیم میں کھیل گئے میچ میں پروٹیز کپتان ڈوپلیسی نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے بیٹںگ کرنے کی دعوت دی لیکن لنکن بلے باز اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔
سری لنکا کی جانب سے تلکرتنے دلشان واحد بلے باز تھے جنہوں نے کچھ ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔ دلشان 36 رنز بنا کر اپنی ٹیم کے سب سے نمایاں بلے باز رہے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا نہ دکھا سکا۔ سری لنکا کی پوری ٹیم انیس اعشاریہ تین اوورز میں صرف 120 رنز بنا سکی۔
جنوبی افریقا کی جانب سے ایبٹ، فینگیسو، بہاردین نے دو، دو جبکہ ڈیل سٹین اور عمران طاہر نے ایک، ایک کھلاڑی کو پویلین کی راہ دکھلائی۔
سری لنکا کے 120 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پروٹیز بلے بازوں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے بلے بازی کی۔ ہاشم آملہ نے پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد 56 رنز کی اننگز کھیلی اور اپنی ٹیم کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ جنوبی افریقا نے صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر سترہ اعشاریہ چار اوورز میں 122 رنز بنا کر فتح سمیٹی۔