لاہور (جیوڈیسک) ورلڈ کپ سے قبل سعید اجمل اور محمد حفیظ پر آئی سی سی کی جانب سے پابندی کے باعث پاکستان کو بولنگ کے شعبے میں پہلے ہی شدید مشکلات کا سامنا درپیش تھا اور اب جنید خان کی انجری نے قومی ٹیم کی مشکلات میں مزید اضافہ کر دیا ہے۔
جنید خان قذافی اسٹیڈیم لاہور میں ورلڈ کپ کے لئے لگائے گئے تربیتی کیمپ کے دوران بولنگ کرا رہے تھے کہ پاؤں سلپ ہونے کے باعث گر گئے جس سے ان کی کہنی اور کولہے پر چوٹ آئی ہے۔ قومی کرکٹ ٹیم کے فزیو کے مطابق جنید خان کی انجری سنجیدہ نوعیت کی نہیں ہے اور وہ ہلکی آئسنگ کے بعد جلد دوبارہ میدان میں ہوں گے۔
جنید خان کے بارے میں اس قسم کی افواہیں بھی زیر گردش ہیں کہ وہ شاید ورلڈ کپ میں کھیل نہ سکیں تاہم پاکستان کرکٹ بورڈ کے حکام کا کہنا ہے اس قسم کی اطلاعات درست نہیں ہیں، جنید جلد فٹ ہو کر ٹیم کو دستیاب ہوں گے اور ٹریننگ کرتے نظر آئیں گے۔