چٹاگانگ (جیوڈیسک) ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں آج دونوں میچز چٹاگانگ میں ہوں گے، نیدرلینڈزکی مضبوط حریف جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گی، سری لنکاکا مقابلہ انگلینڈ سے ہو گا۔ آئی لینڈرز مسلسل تیسری فتح سے سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوانے کیلیے پُراعتماد ہیں، کپتان دنیش چندیمل کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم کو گھیرنے کی منصوبہ بندی کرلی، غفلت کا شکار نہیں ہونگے، دوسری جانب انگلینڈ کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہے، دوڑ میں شامل رہنے کیلیے ہرصورت فتح درکار ہوگی۔
ادھر پروٹیز کمزور حریف پر ہاتھ صاف کرکے اپنا رن ریٹ بہتر بنانے کے خواہاں ہیں، دوسری جانب ڈچ کپتان پیٹر بورین کا کہنا ہے کہ اس بار آسانی سے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں اپنے ابتدائی دونوں معرکے سر کر چکا، لسیتھ مالنگا کی خوفناک بولنگ کی بدولت اس نے جنوبی افریقہ کو 5 رنز سے زیر کیا جبکہ نیدرلینڈز کیخلاف 9 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، اس طرح وہ گروپ ون میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست اور سیمی فائنل میں سیٹ بک کرانے کیلیے اسے مزید ایک اور فتح درکار ہے، لسیتھ مالنگا کے ساتھ اس کا انحصار اپنے سلو اٹیک پر ہے، ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں، اگرچہ نیدرلینڈز سے مقابلے میں کوشل پریرا کے انگوٹھے پر چوٹ آئی تھی لیکن وہ سلیکشن کیلیے دستیاب ہوں گے۔