چٹاگانگ (جیوڈیسک) ٹوئنٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے میچ میں سری لنکا کی جنوبی افریقا کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔ ٹاس کے بعد سری لنکن کپتان دنیش چندیمل نے کہا کہ انہوں نے پہلے بیٹنگ کا فیصلہ پچ کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا اور امید ہے کہ بعد میں بولنگ کرنے سے اسپنرز کو زیادہ فائدہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ 2 سال سے اچھی کرکٹ کھیل رہے ہیں اور حال میں ہی ایشیا کپ کا ٹائٹل بھی اپنے نام کیا جس کے باعث تمام کھلاڑی یہ میچ اور ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتنے کے لئے بھی پرعزم ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ آج کے میچ کے لئے ٹیم میں 4 تبدیلیاں کی گئی ہیں۔
پروٹیز کپتان اے بی ڈیویلیرز کا کہنا تھا کہ اگر وہ ٹاس جیتتے تو وہ بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتے تاہم اب ہماری کوشش ہوگی کہ حریف ٹیم کے کھلاڑیوں کو جلد آؤٹ کریں تاکہ ہدف کے تعاقب میں ہمیں مشکلات نہ ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈیل اسٹین مکمل فٹ ہوکر دوبارہ ٹیم میں شامل ہوگئے ہیں جس سے ہمارا بولنگ اٹیک اور مضبوط ہوگیا ہے۔