/ برازیل (جیوڈیسک) ساؤ پاؤلو ورلڈ کپ اسٹیڈیم پر فیفا کے خدشات اب تک برقرار ہیں، سیکریٹری جنرل والکے کا کہنا ہے کہ ہمیں اب تک اس کا حل نظر نہیں آرہا۔ نومبر میں ہونے والا اندوہناک حادثہ اور عارضی سہولیات کے بل کی ادائیگی نے ارینا کی تکمیل کو نقصان پہنچایا ہے۔
تفصیلات کے مطابق فیفا سیکریٹری جنرل جیروم والکے نے کہاکہ ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ کی میزبانی کرنے والے ساؤ پاؤلو اسٹیڈیم پر تعمیراتی کام تشویش کا باعث ہے، نومبر میں ہونے والے اندوہناک حادثے اور عارضی سہولیات کے بل کی ادائیگی نے ارینا کی تکمیل کو نقصان پہنچایا ہے، وہاں 12 جون کو ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں میزبان برازیل، کروشیا کا سامنا کرنے والا ہے۔
ریو میں مقامی آرگنائزنگ کمیٹی بورڈ اجلاس کے بعد والکے نے کہاکہ ہمیں اب تک اس کا حل نظر نہیں آرہا، 12 میزبان شہر اور اتنے ہی اسٹیڈیمز درکار ہیں لیکن ابھی ان پر کام باقی ہے، وقت تیزی سے گزر رہا ہے۔ برازیلین اسپورٹس منسٹر ایلڈو ریبیلو بضد ہیں کہ حکومت اپنی مکمل حمایت جاری رکھے ہوئے ہے۔