ورلڈ کپ 2015 تمام ٹیموں کیلئے دشوار ہوگا، ظہیرعباس

Zaheer Abass

Zaheer Abass

شارجہ (جیوڈیسک) ایشین ڈان بریڈ مین ظہیر عباس کا کہنا ہے کہ ورلڈ کپ 2015 تمام ٹیموں کیلئے دشوار ہوگا، ایسے میں پاکستانی ٹیم کے بارے میں پیشگوئی کرنا آسان نہیں ہے۔

ظہیر عباس کا اپنے ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ قومی ٹیم کو کامیابی کیلئے جلد کنڈیشنزسے ہم آہنگ ہونا پڑے گا، اگر گرین شرٹس کو میگا ایونٹ جیتنا ہے تو سخت محنت کرنا ہوگی، آسٹریلیا میں وکٹیں مختلف باؤنسی اور تیز ہوں گی، عمدہ کارکردگی کا انحصار اس بات پر ہوگا کہ ٹیم وہاں کی کنڈیشنز سے خود کو کتنی جلدی ہم آہنگ کرپاتی ہے، ابھی ہم اس بابت کچھ نہیں کہہ سکتے لیکن بہتری کی امید رکھی جاسکتی ہے۔

981 کی ورلڈ سیریز میں سڈنی میں کینگروز کے خلاف 108 کی اننگز کھیلنے والے ظہیرعباس نے مزید کہا کہ آسٹریلیا میں فتح کیلئے سخت محنت کرنا پڑتی ہے، وہاں تمام وکٹیں مشکل ہیں اور ٹیم کو کھیل کے تینوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی پیش کرنا ہوگی، میں امید رکھتا ہوں پاکستان ان کنڈیشنز میں اچھا کھیل دکھائے گالیکن ہم کوئی بات حتمی طور پر نہیں کہہ سکتے کیونکہ ہماری ٹیم ہمیشہ سے ناقابل پیشگوئی رہی ہے۔

ظہیر عباس نے ورلڈ کپ میں جگہ بنانے پر یواے ای کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ یہ اس بات کا مظہر ہے کہ یہاں پر کرکٹ کا معیار بہتر ہوگیا، یہ خوش آئند بات ہے کہ مزید ٹیمیں بھی میگا ایونٹ میں شریک ہونے جارہی ہیں، اسی کے ساتھ ہمیں یہ دیکھ کر بھی خوشی ہوتی ہے کہ یواے ای کی ٹیم میں کئی پاکستانی نژاد پلیئرز بھی شامل ہیں، ظہیرعباس نے اس سلسلے میں پاکستانی کوچز عاقب جاوید اور مدثر نذر کو داد دی جنھوں نے یواے ای کی کارکردگی کو نکھارنے میں اہم کردار ادا کیا۔