لاہور (جیوڈیسک) ورلڈ کپ 2019 ء کی ٹرافی دنیا بھر کا سفر طے کرتے ہوئے پاکستان پہنچ گئی جہاں کرکٹ شائقین نے اس کا زبردست استقبال کیا۔
ورلڈ کپ کی ٹرافی کا سفر قذافی سٹیڈیم سے شروع ہوا اور قومی کرکٹ ٹیم کے فاسٹ بائولر محمد عرفان نے ورلڈ کپ ٹرافی اٹھا کر بس کی چھت پر بیٹھ کر اپنے سفر کا آغاز کیا۔
ٹرافی قذافی سٹیڈیم سے ہوتی ہوئی مختلف مقامات سے گزری جن میں مال روڈ ، کینال بینک روڈ اور آزادی چوک شامل ہیں۔
ورلڈ کپ ٹرافی کے سفر کے دوران کرکٹ شائقین کی بڑی تعداد نے اپنے قومی ہیرو کا استقبال کیا اور تالیاں بجا کر ان کی حوصلہ افزائی کی۔ قذافی سٹیڈیم سے روانگی کے وقت محمد عرفان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم کی امیدوں کا محور و مرکز اس وقت ورلڈ کپ جیتنا ہے ، میری اور پوری ٹیم کی بھرپور کوشش ہے کہ وہ اپنی سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کر کے اپنے ہم وطنوں کو طویل مدت بعد کھیل کے میدانوں سے کوئی اچھی خبر دیں۔
انہوں نے کہا کہ لوگ ہماری بری کارکردگی پر بھلے تنقید کریں مگر ہماری حوصلہ افزائی کی جائے تو ہم دنیا میں کوئی بھی معرکہ سرانجام دے سکتے ہیں۔