ورلڈ کپ وارم اپ میچ، آسٹریلیا نے بھارت کو شکست دیدی

India vs Australia

India vs Australia

ایڈیلیڈ (جیوڈیسک) آسٹریلیا نے ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے وارم اپ میچ میں بھارت کو 106 رنز سے شکست دیدی۔ کپتان جارج بیلی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو آسٹریلوی ٹیم کیلئے انتہائی سود مند ثابت ہوا۔

ڈیوڈ وارنر اور اے جے فنچ نے اپنی ٹیم کو اچھا سٹارٹ فراہم کیا۔ دونوں کھلاڑیوں نے پہلے 9 اوورز میں اپنی ٹیم کیلئے 62 رنز بنائے۔ ڈیوڈ وارنر نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 83 گیندوں پر 104 رنز بنائے جبکہ گلین میکسویل نے ایک مرتبہ پھر اپنی جاندار بلے بازی سے شائقین کرکٹ سے خوب داد وصول کی۔

انہوں نے صرف 57 گیندوں پر 122 رنز کی اننگز کھیل کر آسٹریلوی ٹیم کی پوزیشن مستحکم کر دی۔ ان کی اننگز میں 11 چوکے اور 8 چھکے شامل تھے۔ کپتان جارج بیلی بھی اپنی ٹیم کیلئے 44 رنز بنا کر نمایاں بلے باز رہے۔ یوں آسٹریلیا کی پوری ٹیم 48.2 اوورز میں 371 رنز بنا کر آئوٹ ہو گئی۔

بھارت کی جانب سے محمد شامی نے 3، یادیو اور شرما نے 2، 2 جبکہ بینی اور پٹیل نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آسٹریلیا کے پہاڑ جیسے ہدف کے تعاقب میں بھارتی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی۔ بھارت کی جانب سے شیکھر دھون 59، اے ایم راہنے 66 اور اے ٹی رائیڈو 53 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

تاہم اس کے علاوہ بھارت کا کوئی اور کھلاڑی اپنی ٹیم کو فتح دلوانے میں ناکام رہا۔ بھارت کی پوری ٹیم 45.1 اوورز میں 265 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ یوں ورلڈ کپ کے وارم اپ میچ میں آسٹریلیا نے بھارت کو 106 رنز سے عبرتناک شکست دی۔

آسٹریلیا کی جانب سے پی جے کمنز 3 جبکہ ایم اے سٹارک، جانسن اور جے آر ہیزل ووڈ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔