کراچی (جیوڈیسک) وسیم اکرم نے ورلڈ کپ 2015 کی تیاری کیلیے پاکستان کو بوٹ کیمپ لگانے کی تجویز پیش کر دی۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹیم کو اکتوبر تک کوئی کرکٹ نہیں کھیلنی اس لیے بہتر یہی ہے کہ وہ اس فارغ وقت میں کسی پہاڑی مقام پر بوٹ کیمپ لگائے جیسا کہ آسٹریلیا ایشز سے قبل لگاتا ہے۔
وسیم اکرم نے بورڈ کو کھلاڑیوں کی فیلڈنگ اور فٹنس بہتر بنانے پر توجہ دینے کا بھی مشورہ دیا، انھوں نے کہا کہ میں سب سے زیادہ فکرمند ورلڈ کپ 2015 کے لیے ہوں، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں گرائونڈز بالکل مختلف اور وہاں کھیلنے کیلیے آپ کو اچھی طرح تیار ہونے کی ضرورت ہے، پاکستانی ٹیم کیلیے بہتر ہو گا کہ وہ ایونٹ سے کچھ دن پہلے ہی آسٹریلیا پہنچ جائے، مجھے اچھی طرح یاد ہے کہ 1992 میں ہماری ٹیم تین ہفتے قبل آسٹریلیا پہنچی تھی جس کا کافی فائدہ ہوا تھا، وہاں کے گرائونڈز سے ہم آہنگ ہونے کی ضرورت ہوتی ہے، ورنہ آپ خود کو ہی انجرڈ کرا بیٹھیں گے۔