کراچی (جیوڈیسک) پاکستان کے سابق مایہ ناز بیٹسمین جاوید میاں داد نے کہا ہے کہ ورلڈ کپ کے ٹورنامنٹ میں فتح کے لئے سعید اجمل کا ٹیم میں ہونا ضروری نہیں۔
ورلڈ کپ 2015 کی ٹرافی لاہور سے کراچی پہنچنے پر اس کا شاندار استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب میں سابق پاکستانی لیجنڈ بیٹسمین جاوید میاں داد نے کہا کہ اگر سعید اجمل پر ورلڈ کپ کے آغاز تک پابندی برقرار رہتی ہے تب بھی پاکستان ورلڈ کپ جیتنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ورلڈ کپ جیت چکا ہے جو تاریخ کا حصہ ہے۔ اگر پاکستانی کھلاڑی اپنی پوری صلاحیتوں کے ساتھ کھیلیں تو قومی ٹیم ایک بار پھر ورلڈ کپ جیتنے میں کامیاب ہوگی۔
جاوید میاں داد نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستانی ٹیم کو کسی ایک کھلاڑی پر ہی انحصار نہیں کرنا چاہئے۔ ایسے کھلاڑی کے بارے میں کیوں سوچا جائے جو ٹیم کا حصہ ہی نہیں ہے بلکہ دوسرے کھلاڑیوں کو اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنا چاہئے۔
واضح رہے کہ ورلڈ کپ 2015 آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں 14 فروری سے 29 مارچ کےدوران کھیلا جائے گا جب کہ پاکستان اپنا پہلا میچ روائیتی حریف بھارت کے خلاف 15 فروری کو ایڈیلیڈ میں کھیلے گا۔