دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلوانے والا بھارت سماجی ویب سائیٹس پر قدغن لگانے میں سب سے آگے

India

India

نیویارک (جیوڈیسک) بھارت اپنے آپ کو دنیا میں سب سے بڑی جہوریت کہلانے کا دعویدار ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہی سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر سب سے زیادہ قدغن لگانے والی ریاست ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ’‘فیس بک‘‘ کی جانب سے جاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ جولائی سے دسمبر 2013 کے دوران دنیا کے مختلف ممالک کی جانب سے ویب سائیٹ پر پوسٹ کئے گئے مواد کو مقامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دے کر اسے ہٹوایا یا محدود کیا گیا۔

اس معاملے میں دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کہلوانے کا دعوے دار ملک بھارت سب سے آگے ہے جس نے مقامی قوانین کو جواز بنا کر ویب سائیٹ کے حکام کو سائیٹ پر پوسٹ کئے گئے مذہبی یا ریاست مخالف مواد پر پابندی لگانے یا ہٹانے کے لئے 4 ہزار 765 مرتبہ کہا۔ دوسرے نمبر پر ترکی نے 2 ہزار 14 مرتبہ مواد ہٹانے کے لئے کہا۔ تیسرے نمبر پر پاکستان ہے جس نے 162 مرتبہ فیس بُک پر مواد کو ہٹانے یا محدود کرنے کے لئے کہا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مختلف ممالک ویب سائیٹ کے فعال صارفین کے ڈیٹا کی معلومات حاصل کرنے کے لئے بھی درخواستیں کرتے ہیں، اس سلسلے میں گزشتہ برس کے آخری 6 ماہ کے دوران امریکا نے 18 ہزار 715 صارفین کے بارے میں جاننے کے لئے 12 ہزار 598 درخواستیں بھیجیں۔ جن کی چھان بین کے بعد 81 فی صد درخواستوں پر ڈیٹا فراہم کیا گیا۔

صارفین کے ڈیٹا تک رسائی حاصل کرنے کے خواہاں ملک میں بھارت کا دوسرا نمبر ہے جس نے 6 ماہ میں 4 ہزار 711 صارفین کے بارے میں جاننے کے لئے 3 ہزار 598 درخواستیں بھیجی اور ویب سائیٹ انتظامیہ نے موصول درخواستوں میں سے 53 فی صد کا ڈیٹا فراہم کیا گیا۔