لندن (جیوڈیسک) دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے تین سو سے زائد ماہرین اقتصادیات نے برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون اور دیگر عالمی رہنماؤں سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹیکس چھپانے والی پناہ گاہوں کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔
دنیا کے مختلف ممالک سے تعلق رکھنے والے تین سو سے زائد ماہرین اقتصادیات نے ایک خط کے ذریعے برطانوی وزیرِ اعظم ڈیوڈ کیمرون اور دیگر عالمی رہنماؤں سے ٹیکس چھپانے والی پناہ گاہوں کے خاتمے کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
ان ماہرین میں آکسفرڈ اور لندن سکول آف اکنامکس سمیت اہم برطانوی جامعات کے 47 برطانوی پروفیسر بھی شامل ہیں ۔ یہ خط 12 مئی کو لندن میں ہونے والے انسدادِ بدعنوانی کے بارے میں عالمی کانفرنس سے پہلے لکھا گیا ہے جس میں 40 ملکوں کے رہنماؤں کے علاوہ عالمی بینک اور آئی ایم ایف کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کانفرنس میں ٹیکس ہیونز کے خاتمے کے لیے اقدامات کیے جائیں کیونکہ ان سے چند امیروں اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کو ہی فائدہ ہوتا ہے جبکہ دنیا کے غریب ممالک کو اس وجہ سے سالانہ 170 ارب ڈالر کا نقصان ہوتا ہے۔