لاس اینجلس (اصل میڈیا ڈیسک) امریکا کے عالمی شہرت یافتہ اینکر لیری کنگ 87 سال کی عمر میں کورونا کے باعث چل بسے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر معروف ٹی وی اور ریڈیو ہوسٹ لیری کنگ کے ٹویٹر اکاؤنٹ سے شائع ہونے والی پوسٹ میں بتایا گیا ہے کہ کورونا میں مبتلا لیری کنگ لاس اینجلس کے سیڈرس سینی میڈیکل سینٹر میں دوران علاج انتقال کر گئے۔
لیری کنگ صحافت اور میڈیا سے 63 سال سے منسلک تھے۔ ریڈیو ، ٹیلی وژن اور ڈیجیٹل میڈیا کے پلیٹ فارمز میں لیری کے 50 ہزار سے انٹرویوز نشر ہوئے، اپنی صلاحیتوں کے باعث کئی اعزازات ایوارڈز اور اسناد حاصل کیں. لیری کنگ نے سی این این کے پلیٹ فارم سے عالمی سطح پر ایک معروف براڈکاسٹر کی حیثیت سے شناخت پائی، منفرد انداز کی وجہ سے وہ ہر خاص و عام میں مقبول تھے۔
لیری کنگ گزشتہ ایک ماہ سے علیل تھے۔ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا اور لاس اینجلس کے ایک طبی مرکز کے انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں زیر علاج تھے۔
لیری کنگ کے پاس امریکی نشریاتی ادارے سی این این پر سب سے زیادہ انٹرویوز کرنے کا گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز بھی ہے۔