آکلینڈ (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ سے پاکستان تک رنگا رنگ آتش بازی اور برقی قمقموں کی چکاچوند کے ساتھ نئے سال کا آغاز ہو گیا ہے۔
نیوزی لینڈ دنیا کا پہلا ملک ہے جس نے سال 2019ء کا استقبال کیا ہے۔جونہی رات کے بارہ بجے ( گرینچ معیاری وقت 1100 جی ایم ٹی) اور گھڑیال پر سوئی نئی سال کے وقت میں داخل ہوئی تو اس ملک کے سب سے بڑے شہر آک لینڈ کے سکائی ٹاور کی چوٹی سے رنگا رنگ آتش بازی کا آغاز ہوگیا۔
اس ٹاور کے علاوہ آک لینڈ کے ہاربور پل پر برقی قمقموں کے شو کے ساتھ آتش بازی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ہزاروں افراد نئے سال کی ان رنگینیوں کو دیکھنے کے لیے موجود تھے۔
پڑوسی ملک آسٹریلیا کے سب سے بڑے شہر سڈنی میں آتش بازی کے شاندار مظاہرے کے ساتھ نئے سال کا آغاز ہوگیا ہے ۔پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد اور دوسرے شہروں میں لوگوں نے انفرادی طور پر آتش بازی کرکے نئے سال کا استقبال کیا ہے۔بڑے شہروں میں منچلے سڑکوں پر نکل آئے اور شور شرابا کرکے نئے سال کا جشن منانے لگے۔
دنیا کے باقی ملکوں میں چند گھٹنے کے وقفے سے رنگا رنگ تقاریب میں نئے سال کا خیرمقدم کیا جارہا ہے جبکہ 2018ء دنیا میں اکھاڑ پچھاڑ ،احتجاجی تحریکوں ، تشدد اور خانہ جنگیوں کے واقعات اور امن ِ عالم کے لیے کی جانے والی کوششوں کو اپنے دامن میں لیے رخصت ہو رہا ہے۔