لاہور : آقا ئے دو جہاں کی آمد سے دنیا میں جہالت اور تاریکی کا خاتمہ ہوگیا، ہمیں آپ کی تعلیمات سے رہنمائی حاصل کرکے دنیاو آخرت کو سنوارنا چاہئے ، ربیع الاول کامہینہ انتہائی عظمتوں رحمتوں والا ہے۔
ان خیالات کا اظہارسینئرصحافی،کالم نویس وکالمسٹ کونسل آف پاکستان (سی سی پی)کے مرکزی صدرایم اے تبسم نے اپنے بیان میں کیا۔انہوں نے کہاکہ ربیع الاول کا مہینہ شروع ہوتے ہی روحانی خوشیوں کی آمد ہوجاتی ہے ہمیں اس مبارک ماہ میں زیادہ سے زیادہ درود و سلام پڑھنا چاہیے ہمیں درودوسلام ہمہ وقت بھیجنا چاہیے۔
ایم اے تبسم نے کہا کہ روزنامہ تاریخ انٹرنیشنل کے زیراہتمام عالمی مقابلہ ”محبت مصطفیٰ”کا انعقادخوش آئند ہے ،اللہ تعالیٰ آصف الرحمن حسن کی اس ادنیٰ کاوش کو سندمقبولیت بخشے اور ہم سب کو بھی ایسے ہی مقابلہ جات کروانے اور ان می حصہ لینے کی توفیق عطا کرے۔
ایم اے تبسم نے کہاکہ اسوہ حسنہ کو اپنا کرہم حضور پاک سے حقیقی محبت کاثبوت دے سکتے ہیں اس ماہ مقدس میں زیادہ سے زیادہ درودوسلام اور اﷲتعالیٰ کا شکر ادا کرنے کے علاوہ روحانی محفلوںکا انعقاد کرنا چاہیے یہ نیکیوں کا موسم بہار ہے۔
انہوں نے کہاکہ نبی آخر الزماں کی سیرت کو اپنائے بغیر سچا مسلمان بننے کا تصور نہیں کیا جا سکتا،اللہ تعالیٰ کی خوشنودی حاصل کرنے کے لئے ضروری ہے کہ محبوبِ ذاتِ کبریا نبی کریم ۖ کے بتائے ہوئے راستے پر چلا جائے۔
ولادت رسالت مآب نے انسانی قلوب کو تجلیاتِ باری تعالیٰ کی آماجگاہ بنا دیا۔انہوں نے کہاکہ نبی آخر الزماںۖ کی آمدسے دنیا میں جہالت کے اندھیرے چھٹ گئے۔