جنیوا (اصل میڈیا ڈیسک) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں چین نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بس بہت ہو گیا آپ کی وجہ سے پہلے ہی دنیا میں کئی مسائل کھڑے ہوگئے ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنرل اسمبلی کے سالانہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چین کے سفیر زانگ جُن نے امریکا کے عالمی کردار پر شدید تنقید کی۔ ان کی تقریر کا محور دو روز قبل کی گئی صدر ٹرمپ کی متنازع تقریر کا جواب تھا جس میں امریکی صدر نے کورونا کا ذمہ دار چین کو ٹھہرایا تھا۔
چین کے سفیر زانگ جُن نے امریکی الزامات پر مزید کہا کہ بس بہت ہوگیا، آپ دنیا کے لیے پہلے ہی بہت مسائل پیدا کر چکے ہیں۔ امریکا کو جواب دینا چاہیئے کہ دنیا کی سب سے جدید ٹیکنالوجی اور ہیلتھ سسٹم کے باوجود کورونا کے 70 لاکھ کیسز اور 2 لاکھ اموات کیسے ہوئیں۔
چینی سفیر نے مزید کہا کہ اگر کورونا معاملے پر کسی کو ذمہ دار ٹھہرایا جاسکتا تو وہ چند امریکی سیاستدان ہیں جن کے باعث امریکا دنیا بھر میں تنہا ہوچکا ہے، امریکا بڑی طاقت ہے اور اسے اب بڑی طاقت کی طرح برتاؤ کرنا سیکھنا ہو گا۔