لاہور (جیوڈیسک) پاکستان کو ورلڈ کبڈی چیمپئن لیگ کے سیمی فائنلز کی میزبانی مل گئی، 4 ماہ تک جاری رہنے والے ایونٹ کا آغاز اکتوبر سے ہو گا، کوارٹر فائنلز انگلینڈ اور کینیڈا جبکہ فائنل بھارت میں کھیلا جائیگا۔
تفصیلات کے مطابق ورلڈ کبڈی فیڈریشن کے زیر اہتمام چیمپئنز لیگ میں مجموعی طور پر دنیا کی10 ٹیموں کے 250 کھلاڑی شریک ہونگے، مجموعی طور پر 95 میچز کھیلے جائیں گے، میزبانی کے فرائض انگلینڈ، کینیڈا، امریکا، پاکستان اوربھارت سر انجام دینگے۔ ذرائع کے مطابق ورلڈ کبڈی فیڈریشن نے پاکستان کی درخواست پر اسے عالمی ایونٹ کے سیمی فائنلز کی میزبانی سونپ دی ہے، دونوں مقابلے پنجاب اسٹیڈیم لاہور میں کرائے جائیں گے، فائنل کی میزبان بھارت کو سونپی گئی ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل صوبائی وزیر کھیل رانا مشہود احمد خان نے میڈیا کو بتایا تھا کہ اکتوبر سے شروع ہونے والی ورلڈ کبڈی چیمپئنز لیگ کے میچز پاک سرزمین پر بھی ہوں گے، ان کا کہنا تھا کہ عالمی ایونٹ کے ناک آئوٹ میچز کی میزبانی کا فیصلہ ابھی تک نہیں ہوا، ہماری کوشش ہے کہ سیمی فائنلز یا فائنل کی میزبانی پاکستان کو مل جائے، اس حوالے سے عالمی فیڈریشن سے درخواست کی گئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو تسلیم کیے جانے کے بعد پنجاب اسپورٹس بورڈ نے غیر ملکی ٹیموں کی حفاظت کے غیر معمولی اقدامات کرنا شروع کر دیے ہیں،ابتدائی مرحلے میں پنجاب اسٹیڈیم کے اطراف حفاظتی دیوار کی تعمیر کا آغاز کردیا گیا ۔ا سپورٹس بورڈ حکام کے مطابق آئندہ چند ماہ میں پاکستان کو نہ صرف کبڈی ورلڈ لیگ کی میزبانی کرنی ہے بلکہ انٹرنیشنل اسپورٹس فیسٹیول میں دنیا بھر کے 55 ممالک کے کھلاڑی بھی یہاں آئیں گے، ان کی حفاظت کیلیے ہر ممکن اقدامات کیے جا رہے ہیں۔