راولپنڈی (جیوڈیسک) پاکستان کی بری فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے انڈیا کے زیرِ اہمتام کشمیر میں انڈین فوج کے ہاتھوں کشمیریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کشمیریوں کی خواہش اور جدو جہد کو تسلیم کرے۔
جنرل راحیل شریف کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل اور خطے میں قیام امن کے لیے طویل عرصے سے جاری تنازع کو حل کرنے میں مدد کرے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بدھ کو آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت جنرل ہیڈ کوارٹرز راولپنڈی میں کور کمانڈروں کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں ملک کی اندرونی و بیرونی سکیورٹی کے علاوہ افغانستان کی صورت حال کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سرحد پار نقل و حمل اور شدت پسندوں کی آمد و رفت کو روکنے کے لیے پاک افغان بارڈر مینجمنٹ سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔
اجلاس کے دوران جنرل راحیل شریف نے انڈیا کی افواج کے ہاتھوں کشمیریوں کی ہلاکت کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دنیا کشمیریوں کی آزادی کی خواہش اور کوششوں کا احترام کرے جب کہ عالمی برادری مسئلہ کشمیر کے حل اور خطے میں قیام امن کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
خیال رہے کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں گذشتہ جمعے کو نوجوان علیحدگی پسند کمانڈر برہان وانی کی ہلاکت کے بعد سے وادی میں شدید کشیدگی پائی جاتی ہے اور اب تک سکیورٹی فورسز اور شہریوں کے درمیان جھڑپوں میں اب تک جہاں 36 افراد ہلاک ہو چکے ہیں وہیں 1500 زخمی ہیں۔
پاکستان کے دفتر خارجہ نے انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر میں علیحدگی پسند رہنما برہان وانی سمیت دیگر کشمیروں کی ہلاکت کو ماورائے عدالت قتل قرار دیتے ہوئے اس کی سختی سے مذمت کی تھی۔
پاکستان کے دفترِ خارجہ کے ترجمان نفیس ذکریا کے مطابق ’جموں و کشمیر کے عوام پر مظالم انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے اور یہ مظالم جموں و کشمیر کی عوام کو ان کے حق خوداردایت کے مطالبے سے نہیں روک سکتے۔‘