سری نگر (جیوڈیسک) پاکستان سمیت دنیا بھر میں کشمیری آج یوم الحاق پاکستان منارہے ہیں، 19 جولائی 1947 کو کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کی متفقہ قرارداد منظور کی تھی۔
کشمیر پر بھارتی قبضے کو 68 برس گزرگئے لیکن آج بھی وہاں کے بچے ’’کشمیر بنے گا پاکستان‘‘ کا نعرہ لگاتے ہیں۔ 19 جولائی 1947 کو کشمیریوں نے پاکستان سے الحاق کی متفقہ قرارداد منظور کی تھی اور اسی دن کی یاد میں کشمیری آج کے دن یوم الحاق پاکستان مناتے ہیں۔
19 جولائی 1947 کو سری نگر میں کشمیریوں کی نمائندہ تنطیم مسلم کانفرنس کا تاریخی اجلاس چوہدری حامد اللہ خان کی صدارت میں سردار محمد ابراہیم خان کے گھر میں ہوا۔ پاکستان سے الحاق کی قرارداد خواجہ غلام الدین وانی اور عبدالرحمان وانی نے پیش کی اجلاس کے تمام شرکاء نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کرلی اور اسی قرارداد کی بنیاد پر برطانوی حکمرانوں نے برصغیر کی تقسیم فارمولے کے تحت یہ آزادی دی تھی کی کشمیری جس ملک کے ساتھ چاہیں الحاق کرلیں لیکن اکتوبر 1947 میں کشمیر پر قبضہ کرلیا۔
کشمیری میں مسلمانوں کی تعداد کم کرنے کے لیے ان پر بے شمار مظالم ڈھائے لیکن کشمیری آج بھی الحاق کی خواہش سے دستبردار نہیں ہوئے اور کشمیری عوام نے عیدالفطر کے پہلے روز بھی پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے بھارت مخالف مظاہروں مٰں پاکستانی پرچم لہرائے اور پاکستان زندہ باد کے نعرے لگائے۔