کرائسٹ چرچ (جیوڈیسک) نیوزی لینڈ کی مساجد پر دہشت گرد حملے کی عالمی رہنماؤں کی جانب سے مذمت کی گئی ہے۔
برطانوی وزیراعظم تھریسا مے نے بھی واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے متاثرین سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔
متحدہ عرب امارات نے نیوزی لینڈ میں مساجد پر حملے کی مذمت اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اماراتی وزرات خارجہ کا کہنا ہے کہ مساجد میں فائرنگ کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا گو ہیں۔
نیوزی لینڈ کی مساجد پر ہونے والے حملے کی مذمت سامنے آرہی ہے جس میں دنیا کی سب سے زیادہ مسلمان آبادی والے ملک انڈونیشیا نے بھی حملے کی سخت مذمت کرتے ہوئے لواحقین سے اظہار افسوس کیا۔
انڈونیشیا کی وزیر خارجہ ’ریٹنو مرسودی‘ کے مطابق حملے کے وقت 6 انڈونیشی النور مسجد میں موجود تھے جن میں سے 3 افراد فائرنگ سے محفوظ رہے جبکہ ہم دیگر 3 افراد کو تلاش کررہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ویلنگٹن میں موجود انڈونیشیئن سفارتخانہ مقامی حکام کے تعاون سے ایک ٹیم کرائسٹ چرچ روانہ کردی، انہوں نے بتایا کہ کرائسٹ چرچ شہر میں مجموعی طور پر 330 انڈونیشی شہری موجود ہیں جس میں 130 طالبعلم ہیں۔
آسڑیلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ حملہ دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد نے کیا، اس کے ساتھ انہوں نے حملہ آور کی آسٹریلوی شہری ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی حکام اس حوالے تحقیقات کررہے ہیں۔
برطانوی سیکریٹری خارجہ جرمی ہنٹ نے ٹوئٹ کرتے ہوئے مساجد میں ہونے والے حملوں پر نیوزی لینڈ کی عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کیا۔
اس کے علاوہ ملائیشیا کی سب سے بڑی حکومتی اتحادی جماعت نے اس حملے میں ایک ملائیشین شہری کے زخمی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے انسانیت اور عالمی امن کے لیے سیاہ سانحہ قرار دیا۔
دوسری جانب بھارت کے آل انڈیا مسلم کونسل کے بانی کمال فاروقی نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمان مخالف رجحان قرار دیا۔
حملے کے بعد آسٹریلیا میں قومی پرچم سرنگوں کر دیا گیا،آسٹریلین وزیراعظم نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فائرنگ کرنے والا آسٹریلیا کا باشندہ ہے۔
واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ میں موجود 2 مساجد النور مسجد اور لین ووڈ میں حملہ آوروں نے اس وقت داخل ہو کر فائرنگ کردی جب بڑی تعداد میں نمازی، نمازِ جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔
مسجد میں فائرنگ کرنے والے ایک شخص نے حملے کی لائیو ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر نشر کی جسے بعد میں نیوزی لینڈ حکام کی درخواست پر دل دہلا دینے والی قرار دیتے ہوئے سوشل میڈٰیا سے ہٹا دیا گیا۔