عالمی مارکیٹ میں آنے والی کمی کے تناسب سے تیل کی قیمتیں کم کی جائیں، مہنگی بجلی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) عالمی مارکیٹ میں آنے والی کمی کے تناسب سے تیل کی قیمتیں کم کی جائیں، مہنگی بجلی اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں غیر معمولی اضافہ سے قوم کی کون سی خدمت کی جارہی ہے۔؟ بیان بازیوں سے حکومتی کارکردگی بہتر نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف وزیرآباد کے رہنما احمد فراز خان لودھی ایڈووکیٹ نے اپنے ایک بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں واضح کمی آئی ہے جبکہ حکومت پاکستان نے اس تناسب سے تیل کی قیمتیں کم نہیں کیں ۔ لوٹ مار کی حد یہ ہے کہ مہنگائی کی ماری عوام کو مزید مہنگائی کے بوجھ تلے دبایا جارہا ہے بجلی کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہے غریب آدمی دو وقت کی روٹی کیلئے ترس رہا ہے ۔ بے روزگاری کی شرح آسمان کی بلندیوں کو چھورہی ہے ہر شعبہ میں میرٹ کا جنازہ نکال دیا گیا ہے ، قانون اور انصاف کی دھجیاں اڑائی جارہی ہیں۔میرٹ نام کی کوئی چیز ملک میں نظر نہیں آتی۔ سمدھیوں ، بھائیوں اور بیٹوں کی حکومت نے کروڑوں پاکستانیوں کے حقوق غصب کررکھے ہیں خاندانی حکومت مصنوعی مہنگائی کی ذمہ دار ہے۔ احمد فراز لودھی نے کہا کہ ملک ایسے طرز حکومت کا مزید متحمل نہیں ہوسکتا،اگر یہ سلسلہ چند ماہ مزید چلتا رہا تو ملک میں بدامنی، انتشار ، انارکی میں مزید اضافہ ہوگا اور اس کی ذمہ دار برادران حکومت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے حکمران اور ان سے فائدے لینے والے حواری نام نہاد ملکی ترقی کی بیان بازیوں سے کام چلارہے ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔ نواحی علاقہ ویروکی کے عوام مقامی سیاسی قیادت کے امتیاز ی سلو ک سے پریشان، وزیر اعظم پاکستان
وزیرآباد(تحصیل رپورٹر) نواحی علاقہ ویروکی کے عوام مقامی سیاسی قیادت کے امتیاز ی سلو ک سے پریشان، وزیر اعظم پاکستان سے صورتحال کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔ کاڈیالوجی انسٹی ٹیوٹ وزیرآباد سے ڈیڑھ کلو میٹر فاصلہ پر واقع گائوں ویروکی کے مکینوں نے بتایا کہ ان کے علاقہ میں عرصہ دراز سے گلیاں، نالیاں ٹوٹی ہوئی ہیں۔ بارشوں کے بعد بیشتر گلیوں محلوں میں زندگی گزارنا مشکل ہوجاتا ہے، جی ٹی روڈ سے ملانے والی روڈ جو چند سال قبل بنائی گئی تھی وہ بھی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے جبکہ ایک فرلانگ سے بھی کم فاصلہ سے سوئی گیس کی مین پائپ لائن گزرتی ہے۔ قریبی گائو ں مردیکے کے رہائشی ایم پی اے شوکت منظور چیمہ کے گائوں کو اسی مین پائپ لائن سے 3 کلو میٹر دور ہونے کے باوجود سوئی گیس کی سہولت سے مستفید کیا جاچکا ہے جبکہ اس سے بھی اگلے گائوں بھروکی اور دیگر مقامات دھونکل، خسڑے ،کوٹ خضری وغیرہ کو عرصہ دراز سے سوئی گیس فراہم دی گئی ہے مگر نواحی علاقہ ویروکی کو آج تک سوئی گیس کی سہولت نہیں دی گئی۔ اہل علاقہ نے بتایا کہ مقامی سیاسی قیادت کو انتخابات کے قریب ویروکی کی عوام کا بہت خیال آتا ہے مگر برسراقتدار آنے کے بعد ان کے خواب میں بھی کبھی اس علاقہ کا ذکر نہیں آتا۔اہل علاقہ نے وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ خصوصی احکامات کے تحت ہزاروں نفوس پر مشتمل آبادی ویروکی کو سوئی گیس کی سہولت سے نوازا جائے جبکہ علاقہ کے دیگر مسائل بھی حل کروائے جائیں۔