پاکستان (جیوڈیسک) روپے کی قدر گرنے کے باعث عالمی منڈی میں کمی کے باوجود پاکستان میں سونا سستا نہ ہوسکا۔عالمی منڈی میں سونا تیرہ ڈالر سستا جبکہ پاکستان میں فی تولہ سونا ڈیڑھ سو روپے مہنگا ہوگیا۔ روپے کے مقابلے میں امریکی کرنسی ڈالر کی مضبوطی اور قیمت کا تاریخی سطح پر پہنچ جانا پاکستان میں سونا مہنگا ہونے کا سبب بن گیا۔
بدھ کو کراچی کے بلین ایکسچینج میں ملک بھر کیلئے فی تولہ سونے کے ریٹ 150 روپے بڑھاکر 48 ہزار 550 روپے پر کھولے گئے۔ اور یوں انٹرنیشنل مارکیٹ میں کمی کے باوجود پاکستان میں سونے کی قیمتوں میں اضافہ دیکھا گیا۔ عالمی منڈی میں فی اونس سونے کی قیمت 13 ڈالر کی کمی سے 1247 ڈالر پر آگئی ہے۔ گولڈ ڈیلرز کے مطابق مستقبل میں سونے کی قیمتوں میں کمی کے امکانات موجود ہیں۔