کراچی (جیوڈیسک) عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں مسلسل کمی کا سلسلہ آج بھی برقرار ہے،، نیویارک مارکیٹ میں خام تیل کے فی بیرل سودے 73 ڈالر 30 سینٹ کی کم ترین سطح پر ہوئے۔ خام تیل کی موجودہ قیمت چار سال کی کم ترین سطح ہے،، اس سے قبل نو ستمبر 2010 کو خام تیل کی قیمت اس سطح پر دیکھی گئی تھی۔
چین اور امریکہ کی جی ڈی پی گروتھ کا ہدف سے کم رہنے کی امید اور طلب کے مقابلے میں زائد رسد برقرار رہنے کی وجہ سے بھی خام تیل کی قیمت میں مسلسل گراوٹ دیکھی جا رہی ہے۔
اکتوبر میں چائنہ کی صنعتی پیداوار بھی آٹھ فیصد ہدف کے مقابلے میں سات اعشاریہ سات فیصد رہی جب کہ مستقبل میں بھی کسی تیزی کی امید نہ ہونے کے سبب خام تیل کی قیمت میں مزید کمی ہو سکتی ہے۔
تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمت میں کمی سے پاکستانی معیشت کو بہت فائدہ پہنچ رہا ہے، ایک جانب خام تیل کی درآمدی ادائیگیوں میں کمی سے روپے کی قدر میں بہتری ہو رہی ہے تو دوسری جانب پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں کمی سے افراط زر کی شرح میں کمی اور عام آدمی کو ریلیف بھی ملنے کے امکانات بڑھ گئے ہیں۔