پاکستان (جیوڈیسک) ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے تحت مقامی ہوٹل میں کراچی کی میمن برادری کے اعزاز اور میمن پریمئیر لیگ میں پاکستان میمن کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چئیرمین عارف حبیب گروپ ،عارف حبیب، حسین لوائی، یحی پولانی، وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود، راشد لطیف، عبدالرشید گوڈیل سمیت مختلف سماجی شخصیات اور میمن برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے فلاحی کاموں کو سراہتے ہوئے ورلڈ میمن آرگنائزیشن کے بانی حاجی رزاق یعقوب کی گراں قدر خدمات کو بھی خراھ تحسین پیش کیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی عارف حبیب اور حسین لوائی کا کہنا تھا کہ ورلڈ میمن آرگنائزیشن تعلیم، صحت، روزگار کی فراہمی کے حوالے سے اپنا کلیدی کردار ادا کر رہی ہے۔
ملک میں آنے والی قدرتی آفات کے دوران بھی ورلڈ میمن کا کردار قابل ستائش رہا ہے۔ اس موقع پر سری لنکا میں فروری میں منعقد ہونے والی میمن پریمئیر لیگ میں پاکستان میمن کرکٹ ٹیم کی کامیابی پر حاضرین محفل نے مبارکباد پیش کی اور کھلاڑیوں میں انعامی شیلڈ اور پچاس پچاس ہزار کیش بھی تقسیم کیا گیا۔