ہسپانوی شہر بارسلونا میں ’موبائل ورلڈ کانگریس‘ کا امسالہ میلہ سج گیا ہے۔ اس چار روزہ اجتماع میں سام سنگ اور ایپل کے علاوہ دیگر موبائل ساز کمپنیاں بھی اپنی نت نئی مصنوعات متعارف کروا رہی ہیں۔
Mobile Congress Samsung
دو سے لے کر پانچ مارچ تک جاری رہنے والی اس موبائل کانگریس میں مختلف موبائل ساز کمپنیاں صارفین کے لیے اپنے نئے ماڈلز کی نمائش کر رہی ہیں۔ اس نمائش کو موبائل صنعت سازی میں انتہائی اہم تصور کیا جاتا ہے اور یہاں پیش کی جانے والی مصنوعات صارفین میں ایک نئے رجحان کو جنم دیتی ہیں۔ اس مرتبہ بھی اس نمائش میں اصل مقابلہ سام سنگ اور ایپل کے مابین ہی ہو گا۔ یہ دونوں کمپنیاں موبائل کی دنیا میں سب سے بڑی کمپنی کے اعزاز کے لیے کانٹے دار مقابلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔
اس کانگریس میں سام سنگ نے اپنے دو نئے ایسے موبائل فون بھی متعارف کرائے ہیں، جو اس جنوبی کوریائی کمپنی کے روایتی پلاسٹک ڈیزائن کے برخلاف دھات اور شیشے سے بنائے گئے ہیں۔ گلیکسی S6 اور S6 Edge نامی ان دونوں ماڈلز میں ایسی ٹیکنالوجی بھی استعمال کی گئی ہے، جس سے صارفین اپنی ادائیگیاں بھی آسانی سے کر سکیں گے۔ تجزیہ کاروں کے مطابق سام سنگ کا یہ نیا ’انقلابی‘ ڈیزائن انتہائی شاندار ہے اور ماضی میں بنائے گئے فونز کے مقابلے میں یہ اب تک کا سب زیادہ دلکش اور دلفریب ڈئزائن ہے۔
Galaxy s6
ایپل نے ابھی گزشتہ برس کے اواخر میں ہی اپنے نئے ماڈلز متعارف کرائے تھے، جنہیں عوام میں کافی مقبولیت حاصل ہوئی ہے۔ آئی فون 6 اور آئی فون 6 پلس سائز کے حوالے سے پہلے مارکیٹ میں لائے گئے آئی فون ماڈلز سے بڑے ہیں۔ بالخصوص آئی فون 6 پلس کو سام سنگ کے گلیکسی نوٹ سیریز کے مد مقابل دیکھا جا رہا ہے۔
اب سام سنگ کے نئے ماڈلز میں نہ صرف کیمرے بلکہ بیٹری ٹائم میں بھی بہتری پیدا کی گئی ہے۔ ان دونوں فونز میں اگرچہ سولہ میگا پکسل کا ہی کیمرہ نصب کیا گیا ہے لیکن اس کے لینز میں جدید ٹیکنالوجی استعمال کی گئی ہے، جس سے زیادہ بہتر تصاویر بنائی جا سکتی ہیں۔ یہ فونز دس اپریل سے مارکیٹ میں دستیاب ہوں گے جبکہ ابھی تک ان کی قیمتوں کے بارے میں کوئی اعلان نہیں کیا گیا ہے۔
سام سنگ کا کہنا ہے کہ ان ماڈلز کو صرف تیس منٹ میں پچاس فیصد تک چارج بھی کیا جا سکتا ہے۔ یہ امر اہم ہے کہ سمارٹ فونز کے بیٹری ٹائم کا بہت جلدی ختم ہو جانا صارفین کی نظر میں ایک بڑا مسئلہ ہے اور تمام کمپنیاں اس حوالے سے بہتری پیدا کرنے کی کوشش میں ہیں۔ ان فونز کو متعارف کراتے ہی اسٹاک مارکیٹ میں سام سنگ کمپنی کے حصص میں بھی بہتری پیدا ہوئی ہے۔ پیر کے دن اس کے حصص میں 3.9 فیصد کا اضافہ ہوا ہے، جو گزشتہ نو ماہ کے دوران سب سے بڑی چھلانگ ہے۔
بارسلونا منعقدہ ورلڈ موبائل کانگریس کے موقع پر HTC نے بھی اپنا نیا فون متعارف کرایا ہے۔ HTC One نامی اس فون میں زیادہ بہتر کیمرہ نصب کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس فون کا فرنٹ کیمرہ چار میگا پکسل کا جبکہ پیچھے والا کیمرہ بیس میگا پکسل کا ہو گا۔