پوری دنیا کے مسلمان نااہل حکمرانوں کی وجہ سے بربریت کا سامنا کر رہے ہیں، سعدیہ سہیل رانا

PTI

PTI

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کی جنرل سیکرٹری شعبہ خواتین و رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے کہا ہے کہ پوری دنیا کے مسلمان نااہل حکمرانوں کی وجہ سے بربریت کا سامنا کر رہے ہیں مسلمان دنیا کے ایسے خطے پر آباد ہیں جو کہ قدرتی وسائل سے مالا مال ہے اللہ کی اتنی بڑی مہربانی کے باوجود مسلم امہ کو حکمرانوں نے بیکاری بنا دیا ہے۔

یہاں سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت روکنے کے لئے اقوام متحدہ اقدامات کرے، فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت پر عالم اسلام کے حکمرانوں کی خاموشی افسوس ناک ہے،مسلم ممالک غزہ کے معاملہ پر سلامتی کونسل پر دبائو ڈالنے کی بجائے خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں جبکہ او آئی سی کو بھی جگانے کی ضرورت ہے فلسطین میں نہتے مسلمانوںکی نسل کشی کے لئے مہلک ہتھیار استعمال کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ اسرائیلی جارحیت پر پاکستان کی حکومت کو بھی دو ٹوک موقف اپنانے کی ضرورت ہے اسرائیل کی دہشت گردی پر خاموش رہنا جرم ہے،دریں اثنا انہوں نے گجرات میں بچے پر ہونے والے ظلم پر شدید ردِ عمل دیتے ہوئے کہا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دینی چاہیے اگر ایسے واقعات کی حوصلہ شکنی نہ کی گئی تو جرائم میں مزید اضافہ ہو گا۔ بچے کے بازو کاٹنے والے درندہ صفت انسان کے بھی سرعام بازو کاٹے جانے چاہیں تاکہ آئندہ کوئی اس قسم کی حرکت سے باز رہے۔