ٹوکیو (جیوڈیسک) دنیا کا طویل العمرجاپانی شخص دل کا دورہ پڑنے سے 112 سال کی عمر میں چل بسا۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وسطی جاپان کے ایک اسپتال میں دنیا کے طویل العمر شخص یاسوتارو کوڈی 112 سال کی عمر میں انتقال کرگئے جب کہ حال ہی میں ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں شامل کیا گیا تھا اوراس حوالے سے انہیں ایک سرٹیفکٹ بھی جاری کیا گیا۔
اس موقع پر اپنے تاثرات کا اظہار کرتے ہوئے یاسوتارو کوڈی کا کہنا تھا کہ طویل زندگی پانا ہو تو زیادہ کام کرنے کے بجائے زندگی کو مزے سے گزارنا چاہیئے۔ یاسوتارو کوڈی جاپان کے شمال مغربی علاقے فوکی میں 13 مارچ 1903 کو پیدا ہوئے اور پیشے کے اعتبارسے درزی تھے۔
دنیا بھر میں اس وقت 54 افراد ایسے ہیں جو 110 سال سے زائد عمر تک پہنچ چکے ہیں لیکن حیران کن طورپران 54 میں سے جاپان کے یاسوتاروکوڈی واحد مرد تھے اور فہرست میں بقیہ 53 خواتین ہیں۔ اس طرح یاسوتاروکوڈی کے انتقال کے بعد اس فہرست میں اب کوئی مرد شامل نہیں۔
گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں امریکا کی خاتون سوسانا مشت جونز اس وقت دنیا کی معمرترین خاتون ہیں جن کی عمر116 سال ہے۔