عالمی تنظیم اہلسنت کے شعبہ خدمت خلق افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جلالپور بھٹیاں میں سیلاب متأثرین کیلئے امدادی کیمپ لگایا گیا
Posted on September 14, 2013 By Noman Webmaster گجرات
گجرات : عالمی تنظیم اہلسنت کے شعبہ خدمت خلق افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام جلالپور بھٹیاں میں سیلاب متأثرین کیلئے امدادی کیمپ لگایا گیا۔ اس موقع پر دو سو خاندانوں میں اشیاء خورد ونوش اور دیگر سامان ضرورت تقسیم کیا گیا جبکہ ڈاکٹر ممنون احمد کی سربرہی میں فری میڈیکل کیمپ سے کثیر تعداد میں مریضوں نے ادویات حاصل کیں۔
اس موقع پر تیار کھانا بھی تقسیم کیا گیا۔ کیمپ کے افتتاح سے قبل عالمی تنظیم اہلسنت کے مرکزی امیر حضرت پیر محمد افضل قادری، الحاجی محمد اسلم جنجوعہ، علامہ فیروز الدین، مولانا ضیاء اللہ قادری، قاری خالد، الیاس زکی ودیگر کی زیر قیادت سیلاب زدگان کی امداد کیلئے نیک آباد (مراڑیاں شریف)گجرات تا جلالپور بھٹیاں کاروان داتا گنج بخش۔ چلایا گیا۔
کیمپ میں آنے والے سیلاب متأثرین سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن حضرت پیر محمد افضل قادری نے کہا کہ متأثرین سیلاب کیلئے دعا گو بھی ہیں اور اس مصیبت کی گھڑی میں ہر ممکن تعاون بھی پیش کررہے ہیں یہ حکم خداوندی بھی ہے اور رسول اللہ ۖ کی سنت طیبہ بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ احباب جو دینی مشن اور خدمت خلق کے ان کاموں میں معاون ہیں ان کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ افضلیہ ویلفیئر فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام حالیہ سیلاب متأثرین کی امداد کیلئے اس سے پہلے بھی تین کاروان چلائے جا چکے ہیں۔
پہلا کاروان حضرت پیر سید جماعت علی شاہ کے نام سے نیک آباد گجرات تا نارووال چلایا گیا جس نے سیلاب سے متاثرہ 170 خاندانوں کی امداد کی۔ دوسرا کاروان نیک آباد گجرات سے حافظ آباد تک پیر سیال کے نام سے چلایا گیا جس نے 150 خاندانوں میں نقدی، چیک اور خوراک تقسیم کی۔ تیسرا کاروان نیک آباد گجرات تا کامونکی حضرت داتا گنج بخش کے نام سے چلایا گیا۔
جس نے متأثرہ خاندانوں میں خوراک کے بنڈل تقسیم کیے اور سینکڑوں متأثرہ خواتین وحضرات اور بچوں کیلئے فری میڈیکل کیمپ نصب کیا۔ اور آج جلالپور بھٹیاں میں بھی اپنی خدمات پیش کر رہے ہیں۔