ڈیووس (جیوڈیسک) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ دنیا بھر کے ممالک سمیت ورلڈ اکنامک فورم کے بانی نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی رفتار کو سراہا ہے، قومی ترقی میں خواتین کو مردوں کے شانہ بشانہ دیکھنا چاہتے ہیں اور خواتین کی ترقی کو اولین ترجیح دے رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈیووس کے ہوائی اڈے پر جنیوا روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ ڈیووس میں عالمی رہنماﺅں اور دنیا کے بہترین تاجروں سے ملاقات کا موقع ملا ہے۔ ان ملاقاتوں سے معلوم ہوا کہ پاکستان کے بارے میں دنیا بھر میں اچھی رائے قائم ہو چکی ہے۔ عالمی ممالک پاکستان کی معاشی ترقی کی رفتار کی تعریف کر رہے ہیں۔
وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم کے بانی پروفلپر کلازشواب سے ملاقات کافی اچھی رہی۔ انہوں نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی رفتار کو سراہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم خواتین کی ترقی کو اولین ترجیح دیتے ہیں اس لئے یوتھ لون سکیم میں بھی 50 فیصد کوٹہ خواتین کے لئے مختص کیا ہے۔ پاکستان کی ترقی میں خواتین کو برابر کا شراکت دار دیکھنا چاہتے ہیں۔