کراچی (اسٹاف رپورٹر) گینز ورلڈ ریکارڈ ایتھلیٹ اور سفیر امن پاکستان اورنگزیب سلطان نے کہاکہ ہمیں دلوں سے نفرتوں کو مٹاکر محبت ،امن اور بھائی چارگی کو فروغ دینا ہوگا ،علماء اکرام ،سیاست دان بالخصوص تمام مکاتب فکر کے لوگو ں سے اپیل کی کہ وہ پاکستان کی بقاء سلامتی اور استحکام کے لئے متحدہ ہو کر اپنا قومی فریضہ نبھائیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلدیہ ٹائون اقبال گورنمنٹ بوائز پرائمری اسکول میں محکمہ تعلیم سندھ اور حاجی صالح محمد ویلفیئر فائونڈیشن کے زیر اہتمام اسکولوں کے طلباء و طالبات اور والدین کو امن محبت اور قومی یکجہتی کا پیغام اور شہر کی ممتاز سماجی شخصیات کو ایوارڈزکی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
تقریب سے ڈپٹی کمشنر ویسٹ سید محمد علی شاہ بھی خطاب کیا اس موقع پر ڈاکٹر محمد زادہ،اسسٹنٹ کمشنر ریاض مصطفی جوکھیو ،امجد رانا ،ہنی خان بھی موجود تھے ۔سفیر امن پاکستان اورنگزیب سلطان نے تقریب سے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ ملک سے جہالت کا خاتمہ سب سے اہم مسئلہ ہے تعلیم کو فروغ اور اسکولوں کو آباد کرکے وطن عزیز کو ترقی پر گامزن کیا جاسکتا ہے اس کے لئے ہمیں تمام نفرتیں اور قدورتیں مٹاکر ایک قوم بن کر متحد ہونا پڑے گا۔
متحد ہوکر ملک سے دہشت گردی کی عفریت کا خاتمہ اور امن کا قیام ممکن ہوسکے گا اورنگزیب سلطان نے کہاکہ اس وقت دنیا تیسری جنگ عظیم کی طرف بڑھ رہی ہے ہمیں اس کو روکنے کے لئے کردار ادا کرنا ہوگا ہمیں اپنے گناہوں کی معافی مانگ کر اللہ رب العزت کو راضی کرنا ہوگا ا ورنگزیب سلطان نے اعلان کیا کہ بہت جلد کراچی تا سعودی عرب پیدل سفر کرکے امن و محبت اور یکجہتی کا پیغام پوری دنیا کو دوںگا۔
اورنگزیب سلطان نے حاجی صالح محمد کی سماجی و فلاحی پر خراج تحسین پیش کیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر ویسٹ سید محمد علی شاہ نے کہاکہ علم کے ساتھ صحت مند سرگرمیوں کو فروغ دینے خصوصاًامن و محبت اور یکجہتی کا پیغام پھیلانے پر سفیر امن پاکستان اورنگزیب سلطان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور نہیں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلا تے ہیں۔
تقریب کے اختتام پر اورنگزیب سلطان نے سالانہ امتحانات میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے اسکولوں کے طلباء و طالبات اور سماجی خدمات پر اہم شخصیات کو محکمہ تعلیم سندھ اور صالح محمد ویلفیئر فائونڈیشن کی جانب سے بیسٹ پر فارمنس ایوارڈ پیش کئے۔