کراچی (اسٹاف رپورٹر) اللہ کی زمین اور قدرتی وسائل و عوام کی محنت و مقدر پر قبضے کی جنگ نے دنیا کو جنگی جنونیت و حیوانیت پر مجبور کردیا ہے اور یہ جنگی جنونیت و حیوانیت جب فرعون و یزید کی بالائی سطح یا حکمرانوں نے سرداروں اور پیشواوں میں منتقل ہوئی تو دہشتگردی کا باعث بن کر دنیا امن و مستقبل کیلئے خطرہ بن چکی ہے اسلئے دنیا کے امن و مستقبل کو محفوظ رکھنے کیلئے زمین و وسائل پر قبضے کی جنگ کے ہر سبب کا خاتمہ کردینا ہی دنیا کے مفاد میں ہوگا۔
یہ بات نیکسٹ جنریشن پروٹیکشن فاونڈیشن کے آرگنائزر و چیئرمین عمران چنگیزی نے جنرل سکیریٹری حاجی امیر علی خواجہ کے ہمراہ یوم کشمیر کے حوالے سے میڈیا کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ این جی پی ایف رہنماوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر بھارتی جنونیت کا پیدا کردہ دنیا کے مستقبل و امن کیلئے وہ خطرہ ہے جس کا خاتمہ اقوام متحدہ اور مہذب و پر امن کی اولین ذمہ داری ہونی چاہئے۔
کیونکہ کشمیر کا تصفیہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کی استصواب رائے کے ذریعے جلدسے جلدحل نہ کیا گیا تو پھر کشمیر کی سرزمین ‘ وسائل اور عوام کے مستقبل پر قبضے کی بھارتی حیوانیت پوری دنیا کے امن کو نگل جائے گی اور دنیا ایک بار پھرجنگ عظیم کی لپیٹ میں آکر تباہی و بربادی سے دوچار ہوجائے گی اسلئے دنیا کا مستقبل اب اقوام متحدہ کے منصفانہ و غیر جانبدارانہ کردار سے مشروط ہے۔