کراچی (جیوڈیسک) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ فلسطین کے مسلمانوں کی نسل کشی قوام متحد ہ امریکہ کی لونڈی کا کردار ادا کر رہا ہے۔
مظلوم فلسطینیوں پر بمباری کو بند کرانے کی بجائے یہودیوں کو خوش کرنے کےلئے الٹا مذمت کر رہے ہیں، بان کی مون کا مکروہ چہرہ پوری دنیا پر عیاں ہوچکا ہے عالمی طاقتیں بان کی مون سے استعفیٰ کا مطالبہ کریں، فلسطینیوں کے ساتھ ظلم وبربریت بند نہیں کی گئی تو احتجاج کےلئے مسلم ممالک کی سیاسی جماعتوں سے عالمی رابطہ مہم تیز کرینگے، غزہ کے مظلوم مسلمانوں پر طاقت کا استعمال عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہے۔
آج انسانی حقوق کی تنظیمیں اور انسانی حقوق کے چیمپئن اس بربریت پر کیوں خاموش ہیں ،او آئی سی کی حیثیت مشکوک بنتی جارہی ہے ہم ایسے ادارے پر لعنت بھیجتے ہیں جو مسلمانوں کی ترجمانی کی بجائے خاموشی اختیار کرکے یہود ونصاریٰ کو سپورٹ کرتے ہوں ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گا ہ قادری ہاﺅس ناظم آباد میں افطار ڈنر سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمے کےلئے پاک فوج حالت جنگ میں ہے اور پوری قوم دہشتگردی کے خلاف پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے ،انہوں نے کہا کہ ظالمان نے انتہا پسندی اور دہشتگردی کے تمام ریکارڈ توڑدیئے ان سے طاقت سے نمٹنا ہی واحد راستہ ہے ۔رمضان المبار ک کے مقدس مہینے میں پاکستان آزاد ہوا اور آج اس مقدس مہینے میں ہم تجدید عہد وفا کرتے ہیں کہ ملک کی سلامتی، دہشتگردی کے خاتمے کےلئے کسی بھی قسم کی قربانی دینے سے گریز نہیں کریں گے۔
دہشتگردی سے ملک کو نجات دلا کر ہی آگے کی طرف بڑھا جاسکتا ہے ،انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی اصل عبادت عوام کی خدمت ہے ،مگر افسوس حکمرانوں نے عوام کو کوئی ریلف فراہم نہیں کیا ،مہنگائی ،بے روزگاری عروج پر ہے ،عوام کو ریلیف فراہم نہیں کیا۔