تہران (جیوڈیسک) ایران کے صدر حسن روحانی نے کا کہنا ہے کہ اگرعالمی طاقتیں ایران کے حقوق اور قومی مفادات کی حرمت کا خیال رکھتے ہوئے مزید مطالبات نہ کریں تو ان سے جوہری معاہدہ رواں ماہ کے آخر تک ہوسکتا ہے۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تہران میں پریس کانفرنس کے دوران حسن روحانی نے کہا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام پرعالمی طاقتوں سے مذاکرات میں بہت سنجیدہ اور اچھے معاہدے تک پہنچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کررہا ہے۔
لیکن ہم اس کے لئے وقت کے پابند نہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں اور ایران کے درمیان جوہری معاہدے سے متعلق بنیادی نکات پر اتفاق رائے ہوچکا ہے۔ اس معاہدے کے تحت ایران اپنی جوہری سرگرمیوں کومحدود بنائے گا جس کے جواب میں اس پرعائد عالمی پابندیوں میں نرمی کر دی جائے گی۔
حسن روحانی نے کہا کہ عالمی طاقتیں مذاکرات میں طے پائے گئے نکات کی پابندی کرتے ہوئے ایران کے حقوق اوراس کے قومی مفادات کی حرمت کا خیال رکھے اور،مزید مطالبات نہ کئے جائیں تو رواں ماہ کے آخرتک جوہری معاہدہ ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایران اس بات کی بالکل اجازت نہیں دے گا جس سے اُس کے ملکی رازغیر ملکیوں کے ہاتھ لگ جائیں۔