نیریاں شریف (خالد قادری) عالمی مبلغ اسلام ممتاز روحانی شخصیت پیر علائو الدین صدیقی رحمة اللہ علیہ کو نیریاں شریف میں دفن کردیا گیا۔ نماز جنازہ میں لاکھوں افراد نے شرکت کی۔
جبکہ حاضرین کو آخری دیدار بھی کرایا گیا۔ پیر مفتی عثمان افضل قادری نے جنازہ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے مرحوم کو زبر دست خراج تحسین پیش کیا اور ان کی خدمات کو عالم اسلام کیلئے بے مثل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے عدالتی نظام میں قاضیوں کا تقرر آپ کی کوششوں سے ممکن ہوا۔
اسی طرح اسلامی چینل نور ٹی وی ، محی الدین اسلامک یونیورسٹی ،میر پور میںمیڈیکل کالج اور اندرون وبیرون ملک مساجد کا قیام اور لاکھوں لوگوں کی دینی و روحانی رہنمائی آپ کے کارہائے نمایاں ہیں ۔انہوں نے کہا کہ والد گرام پیر محمد افضل قادری اور پیر علائو الدین صدیقی مرحوم نے لیاقت باغ راولپنڈی میں عظیم کانفرنس کرکے اصلاح معاشرہ تحریک کا آغاز کیا تھا۔
جو اسی کی دہائی میں ملک بھر میں چلائی گئی اور مختلف شہروں میں کانفرنسوں، جلسوں اور معلوماتی پروگراموں کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے صاحبزادگان اور دیگر لواحقین سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے صبر جمیل کی دعا کی۔
اس موقع پر دیگر شخصیات نے بھی خطابات کئے اور پیر صاحب مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا۔ نماز جنازہ کے بعد آخری دعا پیر عثمان افضل قادری نے کرائی۔