لاہور (جیوڈیسک) پنجاب کے نو منتخب وزیراعلی محمد شہباز شریف نے بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو ملک اور صوبے کا سب سے بڑا مسئلہ قرار دیا ، انہوں نے کہا کہ وہ اندھیرے ختم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر دن رات کام کریں گے ،2014 میں پنجاب سے پٹواری کلچر کا خاتمہ کرکے کمپیوٹرائزڈ سسٹم لایا جائے گا، اور ساڑھے12ایکڑ تک کے کسانوں کو سب سڈائیز ڈشمسی ٹیوب ویل مہیا کریں گے۔
محمد شہباز شریف نے تیسری بار پنجاب کا وزیراعلی بننے کے بعد پنجاب اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اپنی حکومت کے اہداف کھل کر بیان کئے ، ارکانِ اسمبلی کا شکریہ ادا کیا ، اپوزیشن کیلئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا ،ان کا کہنا تھا کہ الیکشن گزر چکا ، اب مل کر صوبے کی خدمت کرناہے، خود چل کر اپوزیشن کے پاس جائیں گے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ملک اورصوبے کا سب سے بڑا مسئلہ لوڈ شیڈنگ ہے، معیشت زبوں حالی کا شکار ، زراعت شدید متاثر، ملوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بند ہو چکا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت 500ارب روپے کا سرکلر ڈیٹ ہے، 207ارب روپے کی بجلی چوری ہو رہی ہے ، نندی پور اور چیچوں کی ملیاں کے پلانٹ کراچی پورٹ پرزنگ آلود ہو چکے ہیں ، ان منصوبوں کیلئے چین سے بات ہو رہی ہے۔
جلد مکمل کر کے 700 میگاواٹ بجلی جلد سسٹم میں لائیں گے ، شہباز شریف نے پورے پنجاب میں آشیانہ ہاوسنگ اسکیم کا جال بچھانے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں پنجاب کو رول ماڈل صوبہ بنائیں گے۔