ڈھاکا (جیوڈیسک) پاکستانی آف سپنر سعید اجمل کی خواہش ہے کہ جتنا جلد ہوسکے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وکٹوں کی سنچری مکمل کرنے والے پہلے بولر بن جائیں۔ انھوں نے 61 میچز میں 83 وکٹیں حاصل کی ہیں، ہم وطن عمرگل 77 اور شاہد آفریدی 75 پلیئرز کو نشانہ بنا چکے، سعید اجمل نے بی بی سی کو انٹرویو میں کہاکہ جس طرح آفریدی ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں وکٹوں کی ففٹی مکمل کرنیوالے پہلے بولر بنے تھے اسی طرح میں 100 وکٹوں کا سنگ میل عبور کرنے والا پہلا بولر بننا چاہتا ہوں، یقیناً یہ سنگ میل کافی عرصے سے میری نظر میں ہے جس تک جلد سے جلد پہنچنا چاہوں گا، انھوں نے کہا کہ میں اپنی کرکٹ سے بھرپور لطف اٹھا رہا ہوں۔
کپتان جو بھی ذمہ داری دیں اسے پورا کرنے کی کوشش کرتا ہوں، میں خود پر کوئی اضافی دباؤ محسوس نہیں کرتاکہ دوسرے بولرز کامیاب ہورہے ہیں یا نہیں، البتہ پاکستانی بولنگ کافی متوازن ہے، ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں عمرگل کا ردھم بھی واپس آ گیا، ذوالفقار بابر نے بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔