دنیا کو جلد الوداع کہہ جانے والی بالی ووڈ حسینائیں

Mumbai

Mumbai

ممبئی (جیوڈیسک) این جی ٹی بھارتی فلم انڈسٹری بالی و وڈ میں جیا خان ہی نہیں دیگر بہت سی ہیروئنز ایسی ہیں جو کم عمری میں ہی اپنے پرستاروں کو سوگوار چھوڑ گئیں ، اب چاہے اس کی وجہ خودکشی بنی یا پھر وہ کسی موذی مرض کا شکار ہو کر جان گنوا بیٹھیں۔ ایسی ہی چند اداکاراوں میں سب سے پہلے مینا کماری کا ذکر کر لیتے ہیں جو39 برس کی عمر میں مارچ 1972 کو جگر کے عارضے میں مبتلا ہونے کے باعث انتقال کر گئیں۔

بالی وڈ کی سب سے خوبصورت اداکارہ تسلیم کی جانے والی مدھوبالا نے بھی صرف 36 سال کی عمر میں اس دنیا کو الوداع کہہ دیا تھا۔ مدھوبالا کی ہلاکت کی وجہ دل میں سوراخ جیسی بیماری بنی تھی جو اس وقت ناقابل علاج مرض تھا۔ اپنے زمانے کی معروف اداکار ہ سمیتا پاٹیل کی موت31 سال کی عمر میں بیٹے کی پیدائش کے فورا بعدہوئی۔ نہایت مختصر عرصے میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والی نوجوان بالی ووڈ اداکارہ دیویا بھارتی جو صرف 19سال کی تھیں جب ممبئی میں اپنے فلیٹ کی پانچویں منزل سے گر کر زندگی کی بازی ہار گئیں۔

ہندوستان کی دھڑکن کہلائے جانے والی سلک سمیتا 35 سال کی عمر میں ستمبر 1996 کو چنائے میں اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائی گئیں۔ پروین بوبی کی موت جنوری 2005 میں 55 سال کی عمر میں ہوئی جو پر اسرار طریقے سے اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئی تھیں۔

اسی طرح بالی وڈ کی پچیس سالہ اداکارہ جیاخان بھی اپنے فلیٹ میں مردہ پائی گئیں ، گزشتہ دنوں ان کی موت کی خبر جنگل میں آگ کی طرح پھیل گئی تاہم اب تک اس حوالے سے کوئی واضح ثبوت سامنے نہیں آسکا۔