ناگپور (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹونٹی سپر ٹین مرحلے میں گروپ ون کے ایک اہم میچ میں ویسٹ انڈیز نے کانٹے کے مقابلے میں جنوبی افریقا کو تین وکٹوں سے شکست دیدی ہے۔
ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے 123 کا مقررہ ہدف انیس اعشاریہ چار اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر مکمل کیا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے مارلن سیموئیل 44 جبکہ جانسن چارلس 32 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
جنوبی افریقا کی جانب سے عمران طاہر دو وکٹیں لے کر کامیاب بلے باز رہے۔ اس سے قبل ویسٹ انڈیز کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تاہم پروٹیز بلے باز اس موقع سے فائدہ نہ اٹھا سکے۔ جنوبی افریقا نے مقررہ بیس اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 122 رنز بنائے۔
پروٹیز کی جانب سے ڈی کوک کامیاب بلے باز رہے جنہوں نے 47 رنز کی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ کوئی اور بلے باز خاطر خواہ کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکا۔ ویسٹ انڈیز کی جانب سے آندرے رسل، کرس گیل اور براوؤ نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔