چٹاگانگ (جیوڈیسک) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لیگ میچ میں جنوبی افریقا نے ہالینڈ کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 6 رنز سے شکست دے دی۔ بنگلہ دیش کے شہر چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری گراؤنڈ پر کھیلے گئےمیچ میں ہالینڈ نے ٹاس جیت کر جنوبی افریقا کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو پروٹیز نے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 145 رنز بنائے۔ ہالینڈ کی جانب سے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا گیا، اوپننگ بلے بازوں نے پروٹیز بولروں کی خوب پٹائی کی اور پہلی وکٹ کی شراکت میں 58 رنز بنائے، ایک موقع پر میچ جنوبی افریقا کے ہاتھوں سے جاتا ہوا دکھائی دیا۔
عمران طاہر کی شاندار بولنگ کی بدولت میچ میں سنسنی پیدا ہوگئی، 80 کے مجموعہ پر ہالینڈ کی دوسری وکٹ اس وقت گری جب اسٹیفن میبرگ 51 رنز بنا کر ڈومنی کی گیند پر بولڈ ہوگئے جس کے بعد وکٹیں بھی گرتی گئیں اور ساتھ ہی ساتھ رنز بھی بنتے رہے،مائیکل سوارٹ 14، کپتان پیٹربورن 13 اور ٹوم کوپر 16 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اوراس طرح پوری ٹیم 139 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔