چٹاگانگ (جیوڈیسک) ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے گروپ ون کے ایک میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو چھ وکٹوں سے ہرادیا۔ سری لنکا نے انگلینڈ کو جیت کے لیے 189 کا ہدف دیا تھا جسے انگلش بیٹسمینوں نے 19.2 اوورز میں چار وکٹوں کے نقصان پر 190 رنز کا بناکر حاصل کرلیا۔
اس سے قبل چٹاگانگ کے ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ کا ٹاس انگلینڈ نے جیت کر سری لنکا کو بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔ انگلینڈ کی جانب سے الیکس ہیلز نے ناقابل شکست 116 رنز کی شاندار باری کھیلی جبکہ انکا بھرپور ساتھ ایون مورگن نے 57 رنز بنائے۔
ان دونوں بیٹسمینوں نے صفر پر دو وکٹیں گرنے کے بعد شاندار 152 رنز کی شراکت قائم کی اور اپنی ٹیم کو جیت سے ہمکنار کیا۔ سری لنکا کی جانب سے کولا سیکرا نے چار وکٹیں لیں۔ الیکس ہیلز کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔