ڈھاکا (جیوڈیسک) بنگلادیش میں جاری آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے میچ میں ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو باآسانی شکست دیدی جس کے بعد پاکستان ٹیم ورلڈٹی 20 سے باہرہوگئی جبکہ ویسٹ انڈیز سیمی فائنل میں پہنچنے میں کامیاب ہوگیا۔
کالی آندھی نے پاکستانی بلے بازوں کو خزاں کے پتوں کی طرح اڑادیا۔ویسٹ انڈیز نے پاکستان کو 84 رنز سے شکست دے دی۔ پاکستان ٹی 20 ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں پہلی مرتبہ پہنچنے میں ناکام رہا ہے۔ پاکستان ٹیم ویسٹ انڈیز کی جانب سے دےئے گئے 166 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 17.5 اوورز پر صرف 82 رنز بنا کر ڈھیر ہوگئی۔
کپتان محمد حفیظ صرف 19رنز بناسکے، صہیب مقصود اور شاہد آفریدی نے 18,18اور سہیل تنویر نے 14 رنز بنائے۔احمد شہزاد اور کامران اکمل صفر پر پویلین لوٹ گئے۔عمر گل نے 4 ،ذوالفقار بابر نے 3، شعیب ملک نے 2 ،عمر اکمل اور سعید اجمل نے صرف ایک ،ایک رن بنایا۔
ویسٹ انڈیز کے سیموئل بدری اور سنیل نرائن نے 3,3 وکٹیں لیں۔ کرشمر سینٹوکی اور اور اینڈرے رسل نے دو، دو کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔