ورلڈ ٹی 20 کے آفیشلز کا اعلان، علیم ڈار15 میچز میں امپائرنگ کرینگے

Aleem Dar

Aleem Dar

ڈھاکا (جیوڈیسک) آئی سی سی نے ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کیلئے میچ آفیشلز کے ناموں کا اعلان کردیا۔ پاک بھارت میچ کو دھرما سینا اور رچرڈ کیٹل برگ سپر وائز کریں گے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کا میلہ 16 مارچ سے بنگلادیش میں سجے گا، میگا ایونٹ کے لیے آئی سی سی نے آفیشلز کے ناموں کا اعلان کر دیا ہے۔

ایونٹ کا سب سے بڑا میچ 21 مارچ کو پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جائے گا جس کیلئے دھرما سینا اور رچرڈ کیٹل برو سپروائز کریں گے۔ آئی سی سی نے 35 میچز کیلئے ڈیوڈ بون، رنجن مدوگالے، روشن ماہناما اور سری ناتھ کو میچ ریفری مقررکیا ہے۔

امپائرز پینل میں مختلف ممالک کے گیارہ امپائرز شامل ہیں۔ پاکستان کے علیم ڈار 15 میچز کا حصہ ہوں گے، 11 میچز میں وہ فیلڈ اور چار میچز میں تھرڈ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔ ورلڈ ٹی ٹوئنٹی کے سیمی فائنلز اور فائنل کے آفیشلز کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔