قاہرہ (جیوڈیسک) مصر میں جاری ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ میں دفاعی چیمپئن پاکستان کی پیش قدمی جاری ہے، پاکستانی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا ہے۔ آئی بی ایس ایف ورلڈ ٹیم اسنوکر چیمپئن شپ مصر کے شہر شرم الشیخ میں جاری ہے، کوارٹر فائنل میں پاکستان نے بھارت کو آئوٹ کلاس کردیا۔
محمد سجاد اور محمد آصف پر مشتمل پاکستانی ٹیم نے برجیش دامانی اور پنکج ایڈوانی پر مشتمل بھارتی ٹیم کو 4-1 کے فریم اسکور سے شکست دی۔پہلے فریم میں بھارت نے پاکستان کو اکتیس کے مقابلے میں 71 پوائنٹس سےہرایاتاہم اس کے بعد پاکستانی کیوئسٹس چھاگئے اور باقی چاروں فریم (80-41)،،(62-17)،(84-11) اور (51-14)کے واضح فرق سے جیت لیے۔
اس سے پہلے پری کوارٹر فائنل میں پاکستان نے مصر کو شکست دی تھی ، دوسری جانب شرم الشیخ میں ہی ورلڈ سکس ریڈ بال اسنوکر چیمپیئن شپ بھی جاری ہے۔پاکستان کے محمد سجاد افغانستان کے محمد رئیس کو شکست دے کر کوارٹر فائنل میں پہنچ گئےہیں۔