دنیا میں دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار مسلمان ہیں، برطانوی اخبار

Terror

Terror

کراچی (جیوڈیسک) دہشت گردی کا عالمی انڈیکس جاری کردیا گیا جس کے مطابق دنیا بھر میں دہشت گردی کا سب سے زیادہ شکار مسلمان ہیں۔ برطانوی اخبارمیں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق دہشت گردی کے شکار دس سرفہرست ملکوں میں مسلمان ممالک سرفہرست ہیں۔ ہلاکتوں کے اعتبار سے عراق سرفہرست رہا۔

برطانوی اخبار کے مطابق دہشت گردی کے واقعات دنیا بھر میں بڑھ رہے ہیں جس کا نتیجہ عالمی بد امنی ، بے چینی اور عدم تحفظ کا احساس ہے۔ گلوبل ٹیررزم انڈیکس ظاہر کرتا ہے کہ عالمی طور پر اسی فیصد ہلاکتیں صرف پانچ ممالک میں ہوئیں۔ 2014 میں دنیا بھر میں دہشت گرد حملوں میں 32658 افراد ہلاک ہوئے جو 2013 کے مقابلے میں 80 فی صد زیادہ تھے۔ گزشتہ سال دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ ٹاپ دس میں سات مسلم اکثریتی ممالک ہیں۔

برطانوی اخبار”انڈی پینڈنٹ “ کے مطابق جی ٹی آئی رپورٹس میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ 2014 میں دہشت گردی کی مجموعی ہلاکتوں میں 78فی صد ہلاکتیں پانچ ممالک عراق، افغانستان، نائیجیریا، پاکستان اور شام میں ہوئیں۔

گزشتہ برس دہشت گردی کی کارروائیوں میں سب سے زیادہ متاثر ملک عراق رہا۔گلوبل ٹیرررزم انڈیکس کے اعدادوشمار کے مطابق 2014 میں عراق میں دہشت گردی سے 9929 ہلاکتیں ہوئیں۔ کسی ایک ملک میں یہ ایک سال میں سب سے زیادہ ہلاکتیں تھیں۔

160ممالک کے اعدادوشمار میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ گزشتہ بر س سب سے زیادہ دہشت گردی کی کارروائیاں نائیجیریا میں ہوئیں جہاں 2014 میں دہشتگردی میں 7512 افراد مارے گئے، یہ ہلاکتیں 2013 کے مقابلے میں تین سو فی صد زیادہ تھیں۔ نائیجیریا میں تقریباً نصف مسلمان اور نصف عیسائی ہیں۔دہشت گردی سے سب سے زیادہ متاثرہ گیارہ میں دس ممالک میں مہاجرین اور اندرونی نقل مکانی کی شرح سب سے زیادہ ہے۔