اسلام آباد (جیوڈیسک) معمر افراد کسی بھی قوم کا سرمایہ ہوتے ہیں۔ جن کے تجربات آنی والی نسلوں کے لئے مشعلِ راہ ثابت ہوتے ہیں۔ 14 دسمبر 1990 کو اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے ایک قرارداد کے ذریعے ہر سال یکم اکتوبر کو” معمر افراد کا عالمی دن” منانے کا اعلان کیا۔
اس دن کو منانے کا مقصد معاشرے کے معمر افراد کو ان کی اہمیت کا احساس دلانا ہوتا ہے۔ اقوامِ متحدہ کی جانب سے اس دن کے حوالے سے ہر سال ایک نیا موضوع متعارف کروایا جاتا ہے۔ 2014 کا موضوع ہے “کوئی پیچھے نہ رہے، سب کے لئے ایک معاشرے کا فروغ”۔
اقوامِ متحدہ کے سیکریٹری جنرل بانکی مون کا کہنا ہے کہ 2050 تک ترقی یافتہ ممالک میں معمر افراد کی تعداد بچوں کی تعداد کے دو گنا ہو جائے گی۔ جبکہ ترقی پذیر ممالک میں بزرگوں کی تعداد ان کی موجودہ تعداد سے دگنی ہو جائے گی۔
دنیا کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی ہر سال یکم اکتوبر کو اپنے بزرگوں سے محبت اور عقیدت کا اظہار کیا جاتا ہے۔اس دن زیادہ سے زیادہ وقت ان لوگوں کے ساتھ گزارا جاتا ہے جو ہماری توجہ کے سب سے زیادہ مستحق ہیں۔