اسلام آباد (جیوڈیسک) دنیا بھر میں آج ورلڈ نمونیا ڈے منایا جا رہا ہے ۔ پاکستان میں ہر سال 71 ہزار بچے نمونیا کا شکار ہو جاتے ہیں۔ پاکستان سمیت دنیا بھر میں نمونیا کی بیماری سے بچائو کا عالمی دن آج منایا جا رہا ہے۔
اس دن کے منانے کا مقصد بچوں کو نمونیے کی بیماری سے بچائو اور احتیاطی تدابیر کے متعلق عوام میں شعور اور آگاہی پیدا کرنا ہے اور دنیا بھر کی عوام کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے جہاں سے وہ متحد ہو کر نمونیا کی بیماری کے خلاف اقدامات کر سکیں۔
نمونیا کی بیماری سے دنیا بھر میں ہر سال 2 ملین بچے جاں بحق ہو جاتے ہیں۔ چھٹے عالمی نمونیا ڈے کا تھیم عالمی سطح پر نمونیا سے بچائو ہے۔ پاکستان میں پانچ سال سے کم عمر بچوں میں شرح اموات کی سب سے بڑی وجہ نمونیا ہے۔
ای ڈی او ہیلتھ ڈاکٹر ظفر اعجاز کے مطابق گزشتہ سال ای پی آئی میں نمونیا سے بچائو کی ویکسین شامل ہونے کے بعد صورتحال میں بہتری آئی ہے مگر نمونیا سے متعلق سرکاری ڈیٹا نہ ہونے سے اس کے خلاف مہم متاثر ہو رہی ہے۔ ماہرین کے مطابق نمونیا کے مریض کے علاج کے لئے گھریلو ٹوٹکوں پر عمل کرنے کے بجائے مستند ڈاکٹر سے رجوع کیا جائے تو جان بچانا آسان ہے۔